اکثر افراد کو تیز مرچ مصالحے سے بنے کھانے پسند ہوتے ہیں مگر کیا آپ یہ
مرچ کھا سکتے ہیں؟ بھوت جولیکیا نامی مرچ کو دنیا کی تیز ترین مرچ سمجھا
جاتا ہے جو کہ عام مرچوں کے مقابلے میں دو سے تین گنا تیز ہوتی ہے اور ایک
شخص نے اس مرچوں کی چٹنی سے بھرے ایک برگر کو کھانے کی ہمت کی۔
یہ بات تو
کسی کے لیے حیران کن نہیں تھی کہ اس شخص کو قے اور انتہائی شدید پیٹ درد کے
باعث ہسپتال میں داخل کرانا پڑا مگر یہ ضرور حیران کن تھا کہ ڈاکٹروں نے
اس کی غذائی نالی میں ڈھائی سینٹی میٹر کا ایک سوراخ دریافت کیا۔ اس کے
نتیجے
میں متاثرہ شخص کی ایمرجنسی سرجری ہوئی اور اسے ایک ماہ ہسپتال میں
گزارنا پڑا۔ طبی جریدے جرنل آف ایمرجنسی میڈیسین میں شائع اس کیس کا ذکر
کیا گیا اور اسے سینڈروم قرار دیا جو کہ بہت زیادہ قے کے ساتھ موت کا خطرہ
بھی بڑھا سکتا ہے۔
47 سالہ شخص کو ایک مقابلے میں ان مرچوں کو کھانا پڑا
تھا جس کے بعد اسے ہسپتال میں داخل کرانا پڑا۔ جریدے نے یہ انتباہ بھی کیا '
یہ واقعہ ایک یاد دہانی ہے کہ بہت زیادہ مرچ مصالحے کے استعمال کے نتیجے
میں زندگی کے لیے خطرہ بن جانے والی حالت کا سامنا ہوسکتا ہے اور سرجری بھی
کرانی پڑ سکتی ہے'۔